ہفتہ 4 جولائی 2026 - 11:29
کربلا شناسی

حوزہ/ امام حسین علیہ السلام کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں تھا، بلکہ امت کی اصلاح، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر تھا۔ آپ نے فرمایا: میں اپنے نانا کی امت کی اصلاح کے لیے نکلا ہوں۔

یادداشت: حافظہ عالیہ بتول جامعہ المصطفیٰ کراچی

حوزہ نیوز ایجنسی|

تمہید

کربلا اسلامی تاریخ کا ایک ایسا روشن باب ہے جس نے حق اور باطل کے درمیان فرق کو ہمیشہ کے لیے واضح کر دیا کربلا صرف ایک جنگ یا تاریخی واقعے کا نام نہیں بلکہ ایک مکتبِ فکر ایک درسگاہ اور ابدی پیغام ہے واقعہ کربلا میں امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا ساتھیوں نے دین اسلام کی بقا، انسانی عزت اور حق کی سربلندی کے لیے عظیم قربانیاں پیش کی اسی لیے کربلا کو سمجھنا دراصل اسلام کی حقیقی روح کو سمجھنا ہے۔

کربلا کا تاریخی پس منظر

رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے وصال کے بعد اسلامی معاشرے میں مختلف سیاسی اور سماجی تبدیلیاں رونما ہوئیں جب یزید بن معاویہ برسر اقتدار آیا تو اس نے امام حسین علیہ السلام سے بیعت کا مطالبہ کیا اور کیونکہ یزید کی حکومت اسلامی اصولوں کے خلاف تھی، امام حسین علیہ السلام نے اس بیعت کو قبول کرنے سے انکار کیا۔ چنانچہ امام علیہ السلام مدینہ سے مکہ اور پھر اہل کوفہ کی دعوت پر عراق کی جانب روانہ ہوئے، لیکن راستے میں کربلا کے مقام پر انہیں روک لیا گیا۔

مقصد قیام امام حسین علیہ السلام

امام حسین علیہ السلام کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں تھا، بلکہ امت کی اصلاح، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر تھا۔ آپ نے فرمایا: میں اپنے نانا کی امت کی اصلاح کے لیے نکلا ہوں۔

آپ چاہتے تھے کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات محفوظ رہیں اور ظلم و فساد کو دین کا نام دے کر رائج نہ کیا جائے۔

کربلا کا پیغام

کربلا ہمیں کئی اہم درس دیتی ہیں:

▪️حق کے لیے ہر قربانی دینا عظمت ہے

▪️ ظلم کے سامنے خاموشی اختیار کرنا درست نہیں

▪️ تعداد کی کمی حقانیت کو ختم نہیں کرتی

▪️دین کی حفاظت کے لیے استقامت ضروری ہے

▪️ عزت کی موت ذلت کی زندگی سے بہتر ہے

واقعہ کربلا اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا کردار

واقعہ کربلا کے بعد حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے اس عظیم تحریک کے پیغام کو مختلف مقامات پر خطبوں کے ذریعےدنیا تک پہنچایا آپ کے خطبات نے یزیدی حکومت کے ظلم کو بے نقاب کیا اور شہدائے کربلا کے مقصد کو زندہ رکھا اگر حضرت زینب سلام اللہ علیہا نہ ہوتی تو شاید کربلا کا پیغام اس طرح محفوظ نہ رہتا۔

عصرِ حاضر میں کربلا کی اہمیت

آج بھی دنیا بھر میں آزادی ،عدل، انسانی حقوق اور ظلم کے خلاف جدوجہد کرنے والے افراد کربلا سے درس لیتے ہیں۔ کربلا ہمیں سکھاتی ہے کہ اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اور حق کے لیے ڈٹ جانا چاہیے چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہو۔

خلاصہ

کربلا ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے یہ قربانی، وفاداری، صبر شجاعت اور حق پر ثابت قدمی کا نام ہے امام حسین علیہ السلام نے اپنی خون سے اسلام کو نئی زندگی عطا کی اور انسانیت کو یہ درس دیا کہ حق کی خاطر ہر قربانی قبول کی جا سکتی ہے لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا جا سکتا یہی کربلا شناسی کا حقیقی مفہوم اور اس کا ابدی پیغام ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha